پیرس ۔ 4 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے دورہ فرانس کے دوران فرانسیسی وزیر اعظم ایمانویل فالس سے پیرس میں وزیر اعظم ہاوس میں ان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات کے دوران عالمی امور بالخصوص مشرق وسطٰی میں جاری بحرانوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ فرانسیسی وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کے کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ اتحادیوں سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ قبل ازیں ولی عہد نے پیرس میں ملٹری کے شعبے میں زیر تعلیم سعودی طلبا سے بھی ملاقات کی۔ شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی طلبا کو دنیا بھر کی جماعت میں داخلہ ملنا عالمی برادری کا سعودی حکومت اور شہریوں پر مکمل اعتماد کے اظہار کا واضح ثبوت ہے، بالخصوص فرانس جیسے ملک میں فوج کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنے اور عسکری تربیت پانے والے نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہیں خیال رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز سوموار کو سرکاری دورے پر فرانس پہنچے تھے۔