سعودی میں پھنسے 10ہزار ہندوستانیوں کا تخلیہ کروایا جائیگا

سشما سوراج کا بیان : فی کس 10دن کے راشن کی سربراہی ‘ ایگزٹ ویزوں کی اجرائی کا انتظام
نئی دہلی ۔ یکم اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) تقریباً 10ہزار ہندوستانی جو سعودی عرب پھنسے ہوئے ہیں تخلیہ کروائے جائیں گے ۔ کوئی بھی بھوکا نہیں رہے گا کیونکہ ان میں کھانے کی اشیاء تقسیم کی گئی ہیں ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج پارلیمنٹ سے کہا کہ نائب وزیر خارجہ وی کے سنگھ سعودی عرب جارہے ہیں تاکہ تخلیہ کے کارروائی کی نگرانی کرسکے ۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بیان دیتے ہوئے سشما سوراج نے یہ انکشاف کیا ۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان نے ان ہندوستانیوں کی حالت کے بارے میں اظہارتشویش کیا تھا اور سشما سوراج سے بیان دینے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ ارکان کو معلوم ہوسکے کہ ہندوستانی سفارت خانہ کیا کررہا  ہے ۔ ہندوستانی سفارت خانہ نے ان افراد کو کھانا کھلانے کیلئے پانچ کیمپ لگائے ہیں اور آج صبح کی اولین ساعتوں تک ہر گھنٹہ وزیر خارجہ کو کارروائی کی اطلاع مل رہی تھی ۔ سشما سوراج نے کہا کہ ہمارا ایک بھی کارکن بھوکا نہیں رہے گا ۔ وہ پارلیمنٹ کے ذریعہ پورے ملک کو تیقن دینا چاہتی ہیں کہ اُن تمام کو ہندوستان واپس لایا جائے گا ۔ سشما سوراج نے کہا کہ حکومت غیر ملکی اور سعودی عرب کے لیبر دفاتر سے ربط برقرار رکھے ہوئے ہیں تاکہ اُن سے عاجلانہ تخلیہ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ وہاں کا قانون کسی ایمرجنسی ایگزٹ ویزا کی اجازت نہیں دیتا جب کہ اجرین سے عدم اعتراض صداقت نامہ حاصل کر کے پیش نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آجرین نے اپنے کارخانے بند کردیئے ہیں اور سعودی عرب سے تخلیہ کرچکے ہیں جس کی وجہ سے کارکن وہاں پھنس گئے ہیں ۔ حکومت نے سعودی عرب کی حکومت سے درخواست کی ہے کہ ایگزٹ ویزے جاری کئے جائیں تاکہ آجرین ملک سے باہر جاچکے ہیں ۔ کارکنوں کے بقایا جات ادا کئے جائیں کیونکہ انہیں کئی ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی ہے ۔ وی کے سنگھ سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں تاکہ تخلیہ کے کارروائی کی نگرانی کرسکے ۔ سشما سوراج نے کہاکہ انہیں آخری اطلاع 2:45بجے شب حاصل ہوئی تھی ۔ انہوں نے لوک سبھا کو اطلاع دی کہ تمام پانچ کیمپوں میں فی کس 10دن کا راشن سربراہ کیا گیاہے اور وہ صورتحال کی شخصی طور پر نگرانی کریں گی ۔ لوک سبھا کے بعض اپوزیشن ارکان نے سوالات کئے تھے لیکن اسپیکر سمترا مہاجن نے انہیں اجازت نہیں دی اور کہا کہ سشما سوراج ہر ضروری کارروائی کرچکی ہیں ۔ انہوں نے درحقیقت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اب تک کسی بھی وزیر خارجہ نے اتنی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا تھا ۔