جازان ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی فوج نے یمنی سرحد کے قریب دو روز سے جاری آپریشن مکمل کر لیا ہے جس کے نتیجے میں 40 حوثی باغی ہلاک جبکہ سیکڑوں دوسرے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سعودی فوج نے اپنے جنوبی خطہ جازان میں واقع سرحدی موضع حثیرہ میں جمعرات کے روز اپنی اہم کارروائی مکمل کی۔ سعودی فوج نے یہ کارروائی چند روز قبل حوثی باغیوں اور ری پبلیکن گارڈز کے جنگجوؤں کی جانب سے موضع حثیرہ پر قبضہ کی کوشش کو ناکام بنانے کی غرض سے شروع کی تھی۔ یمنی باغیوں نے ماہر نشانہ باز ، کاٹیوشا اور ھاون راکٹ اپنی دراندازی کو کامیاب بنانے کے لئے استعمال کئے۔ یمنی باغیوں نے اپنی سرحدی کارروائی کی منصوبہ بندی خودکش حملے کی طرز پر کر رکھی تھی۔ سعودی فورس کے آپریشن کے پہلے روز ہی متعدد یمنی باغی ہلاک ہوئے اور دیگر دم دبا کر فرار ہونے پر مجبور ہوئے، تاہم اگلے روز وہ دوبارہ حملہ آور ہوئے، سعودی فوج نے اپنی حکمت عملی کو دہراتے ہوئے انہیں ایک مرتبہ پھر پسپائی اور ہزیمت پر مجبور پر کر دیا۔