ملک کے 88ویں یوم الوطن کے موقع پر شہزادہ ولیعہد محمد بن سلمان کا بیان
جدہ ۔23ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ آج سعودی عوا م و قائدین سعودی عرب کا 88واں یوم الوطنی منا رہے ہیں۔ اس موقع پر سعودی عرب کو اسلامی ، عرب دنیا او رپورے جہاں میں شاندار مقام حاصل کرنے اور اقتصادی و ترقیاتی کامیابیاں ریکارڈ تعداد میں ملنے پرہمیں فخر بھی ہے اور اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر بھی ہے۔ یوم وطنی بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ اور پھر ان کے بعد ان کے حکمراں بیٹوں کے کارناموں کی یاد تازہ کرنے والا دن ہے۔ اس موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر قیادت مملکت کی ترقی او رخوشحالی کا ذکر جمیل بھی یوم وطنی کا اہم حصہ ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے ان اثرات او رخیالات کا اظہار یوم وطنی کے موقع پر سعودی عوام کے نام جاری کردہ پیغام میں کیا ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء اور پیغمبر اسلام محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر دروود و سلام کے بعد اپنے پیغام میں تحریر کیا کہ آج ہماری عظیم ریاست اپنا یوم وطنی منا رہی ہے۔ اس موقع پر بانی مملکت شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کے کارنامے کی یادیں تازہ کی جا رہی ہیں جنہوں نے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وطن عزیز کا پراگندہ شیرازہ جمع کیا او ان کے بعد ان کے فرزندوں نے ریاست کے ستون استوار کرکے اس عظیم الشان ریاست کی تعمیر کے کاررواں کو قدم بقدم آگے بڑھایا۔ محمد بن سلمان نے کہا کہ ہمیں یوم وطنی کا جشن مناتے ہوئے فخر ہے کہ سعودی عرب نے بین الاقوامی، اسلامی اور عرب سطح پر قابل قدر مقام بنایا۔ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے عمل میں موثر کردارادا کیا۔ اقتصادی اور ترقیاتی کارنامے انجام دیئے۔ اقتصادی خوشحالی اور سماجی سلامتی کے اہداف حاصل کئے۔ انکا سہرا فرزندان اور بنات وطن کی کوششوں کے سر جاتا ہے۔ تمام سرکاری اداروں نے ایک ٹیم کے طور پربدعنوانی کے انسداد اورشفاف ماحول کے فروغ کیلئے عدل و انصاف کے اصول راسخ کئے۔ سعودی وڑن 2030کے مقاصد کیلئے ٹھوس جدوجہد کی۔ سعودی وڑن 2030 مستقبل کا روڈ میپ ہے۔ یہ وطن عزیز سعودی عرب کو دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کا صدر نشین بنانے کیلئے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس پر عمل درآمد کا پابندی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ شاہی ہدایات کے مطابق کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سرپرستی کررہے ہیں۔ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کے یوم وطنی کا جشن یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء بیان کریں اور جی جان سے شکر ادا کریں کہ اس نے ہمیں حرمین شریفین کی خدمت اور حجاج و معتمرین و زائرین کی نگہداشت کا اعزاز بخشا۔