واشنگٹن، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی کانگریس کو بائی پاس کرکے سعودی عرب کو نیوکلیئر ٹیکنالوجی منتقل کرنے سے ٹرمپ انتظامیہ کو باز رکھنے کیلئے سینیٹ میں نیا بل پیش کیا جائیگا۔ امریکی سینیٹ کی بیرونی رابطہ کمیٹی کے رکن ایڈورڈ مارکی نے ایک پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی ہے ۔ مسٹر ایڈورڈ مارکی نے جمعرات کو کہا کہ ’’میں جلد ہی ایک بل پیش کرونگا، جس میں اختیار طلب کیا جائیگا کہ امریکی نیوکلیئر ٹیکنالوجی یا مہارت دوسرے ممالک کو منتقل کرنے کے معاہدوں کو محکمہ توانائی کی طرف سے منظوری دیئے جانے 810 معاملے امریکی کانگریس کو دستیاب کرایا جائے ۔ در اصل ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ سعودی عرب کو نیوکلیئر ہتھیار بنانے کیلئے امریکی نیوکلیائی ٹیکنالوجی یا دیگر نیوکلیئر مواد حاصل نہ ہوسکے‘‘۔ امریکی سنیٹر کا یہ بیان امریکی حکومت کے ذریعہ چھ خفیہ اختیارات کو منظوری دیئے جانے کے ایک روز بعد ہی آیا ہے ، جنکے تحت امریکی کمپنیوں کو نیوکلیائی ٹیکنالوجی، سائنس اور مہارت سعودی عرب کو منتقل کرنے کی اجازت مل گئی ہے ۔ اس سے قبل فروری میں ڈیموکریٹس نے بھی امریکی داخلی سلامتی محکمہ کے حکام کے انتباہ کے باوجود سعودی عرب کو حساس نیوکلیئر ٹیکنالوجی منتقل کرنے کے ٹرمپ انتظامیہ کے منصوبے کی چھان بین کرنے کی مہم شروع کی تھی۔