جازان ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے حوثی باغیوں نے یمنی حکومت کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی ایک اور خلاف ورزی کرتے ہوئے سعودی عرب کی حدود میں ایک میزائل داغا ہے۔ حوثی نواز ٹی وی چینل المصیرہ کے مطابق باغیوں نے طویل فاصلے تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والا ایک میزائل کو سعودی سرحد میں داغا ہے۔ سعودی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہیکہ یمن کی سرحد سے متصل سعودی علاقے جازان میں متعدد راکٹ گرے ہیں جن سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ماہ اپریل میں ہوئے جنگ بندی معاہدے کو حالیہ دنوں کے دوران حوثیوں کی جانب سے مسلسل خلاف ورزی کی وجہ سے خطرات لاحق ہیں۔ اس سے پہلے جمعہ کے روز سعودی فوج نے جازان کے علاقے میں تعینات فوجیوں پر ایک حملے کو ناکام بنا دیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جھڑپوں کے دوران سعودی فوج نے جازان کے علاقوں الطوال اور خوبا پر حملہ کرنے والے حوثیوں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔