سعودی عرب پر حملے کرنے ابوبکر ال بغدادی کی ہدایت

بیروت 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دولت اسلامیہ کے لیڈر ابوبکر ال بغدادی نے اپنے مجاہدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ سعودی عرب میں ہلاکت خیز حملے کریں۔ سعودی حکمرانوں کو سبق سیکھانے انہیں موت کے گھاٹ اتارا جائے ۔ اپنی خلافت کا اعلان کرنے والے ال بغدادی نے داعش کی سرگرمیوں کو دیگر چار عرب ملکوں تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ال بغدادی نے یہ بھی کہا کہ شام اور عراق میں ان کے گروپ کے خلاف امریکی زیر قیادت فوجی ٹیم ناکام ہوچکی ہے اور انہوں نے ساری دنیا میں ’’جہاد کا آتش فشاں‘‘ لانے پر زور دیا۔ خانگی نیوز ایجنسی نے ان کی اس تقریر کی آزادانہ تصدیق نہیں کی ہے۔ ان کے حوالے سے ایک آڈیو ریکارڈنگ کو دولت اسلامیہ کے سوشیل میڈیا پر پیش کیا گیا ہے ۔ اس آڈیو میں جو آواز ہے وہ ال بغدادی کی آواز سے ملتی ہے۔ ان کی جولائی میں ایک مسجد کے اندر کی گئی تقریر کے مطابق اس نئے آڈیو کی آواز میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔ گذشتہ جولائی میں عراق کے شہر موصل میں انہوں نے ایک مسجد میں خطاب کرتے ہوئے اپنی جہادی سرگرمیوں اور عزائم کا اعلان کیا تھا اس کے بعد ہی عراق میں زبردست جنگی محاذ کھڑا ہوا تھا گذشتہ جمع کو امریکی فضائی حملوں کے بعد ان کے زخمی ہونے یا ہلاک ہونے کی اطلاع مل رہی تھیں لیکن آن ان کی تقریر منظر عام پر آنے کے بعد یہ تصدیق ہوگئی کہ وہ زندہ ہیں۔ ابو بکر ال بغدادی نے سعودی عرب میں اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ وہ شاہی حکمرانوں کے خلاف کمربستہ ہوکر حملے کریں کیونکہ سعودی حکمرانوں نے شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف امریکی زیر قیادت اتحادی افواج کی بمباری کی حمایت کی تھی اور اس کارروائی میںشامل تھے۔

انہوں نے خادم حرمین شریفین کا نام لئے بغیر کہا کہ ان کا سر قلم کردیا جائے۔ اپنی تلواروں کو میان سے نکال دو کیونکہ سرزمین پاک کی کوئی سلامتی و سکیورٹی نہیں ہے ۔ اس تقریر کی کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی کہ یہ کس دن کی گئی تھیں ۔ البتہ اناونسر نے 7 نومبر کی تاریخ بتائی ہے جس دن صدر امریکہ بارک اوباما نے عراق کو مزید 1500 امریکی سپاہی روانہ کرنے کی منظوری دی تھی۔ ال بغدادی نے کہا کہ ہم آج اعلان کرتے ہیں کہ ہم اپنی سرگرمیوں کو عرب ملکوں، حرمین شریفین ،یمن ،مصر ،لیبیاء ،الجیریا، تک وسعت دیں گے ۔اسی دوران امریکی عہدیداروں نے دولت اسلامیہ کے لیڈر کے فضائی حملے میں زندہ بچ جانے کی توثیق کی ہے ۔ امریکہ کے دو عہدیداروں نے فاکس نیوز کو انٹلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر بتایا کہ امریکہ کے حملے میں ال بغداد بچ گئے ہیں اور ان کی نئی آڈیو ریکارڈنگ مصدقہ ہے ان کی آواز کو سابق میں کی گئی ریکارڈنگ کے مطابق پایا گیا ہے۔

داعش مسلمانوں کیلئے خطرناک
بیروت 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق اور شام میں سرگرم دولت اسلامیہ (داعش) اس وقت مسلمانوں کیلئے سب سے زیادہ خطرہ بن کر ابھر رہی ہے ۔ یہ تنظیم اسرائیل سے زیادہ خطرناک ہے ۔ لبنان کے حزب اللہ گروپ نے کہا کہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ اس خطہ کے مسلمانوں کو سب سے زیادہ ہلاک کررہی ہے ۔ لبنانی وزیر محمد فنیز نے کہا کہ دولت اسلامیہ کی کارروائیاں ایک مسلمان کے ہاتھوں دوسرے مسلمان کا قتل ہے ۔ داعش سنی مسلمانوں کو بھی ہلاک کررہی ہے۔ ان کے حملوں سے مسلمانوں کو پہنچنے والے نقصانات اسرائیلی بربریت سے زیادہ خطرناک ہیں۔ شام میں جاری لڑائی کا خاتمہ طاقت کے استعمال کے ذریعہ نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعہ ہونا چاہئے ۔ حزب اللہ نے شام اور عراق میں دولت اسلامیہ کے بڑھتے اثر پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ دولت اسلامیہ کے خلاف مشترکہ جنگ کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔