سعودی عرب میں بارش، اسکولوں کو تعطیل

مکہ معظمہ ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں آج کئی اسکول بند رہے۔ اس دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ریاض، مکہ معظمہ، مدینہ منورہ، طائف، القسیم کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوچکی تھیں، جس کے پیش نظر تمام اسکولوں کیلئے تعطیل کا اعلان کردیا گیا تھا جو ششماہی امتحان کیلئے اتوار سے دوبارہ کھولے گئے تھے۔ بارش کے سبب اکثر سعودی شہروں کی مصروف ترین سڑکیں سنسان نظر آئیں۔

اکثر افراد گھروں میں مقیم رہنے کو ترجیح دے رہے تھے۔ اس موقع پر 2009 اور 2011ء کے دوران جدہ میں تباہ کن سیلاب کی یادیں تازہ ہوگئیں۔ مکہ میونسپلٹی نے بارش کے بعد ملبہ کی صفائی کیلئے اپنی کئی ٹیموں کو روانہ کردیا ہے۔ محکمہ صفائی کے ڈائرکٹر محمد المورتی نے کہا کہ بارش سے متاثرہ مقامات پر 4,200 صفائی کارکن روانہ کئے گئے ہیں۔ 60 بڑی لاریاں اور 64 پک اپ ٹرکس بھی استعمال کئے جارہے ہیں۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ کو چوکس کردیا گیا ہے اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔