سعودی عرب میں اونٹ کے بجائے گائے کی قربانی

جدہ ۔ /20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی ) نے آج کہا کہ مناسک حج کے اختتام پر حجاج کو قربانی کے لئے اونٹ کے بجائے گائے فراہم کئے جائیں گے ۔ کیونکہ میئرس وائرس سے پھیلنے والی وباء کے پیش نظر حکومت سعودی عرب نے اونٹ کے گوشت کے استعمال پر امتناع عائد کی ہے ۔ آئی ڈی بی کے صدر احمد محمد علی نے کہا کہ اس بینک نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز انسانی امدادی ادارہ سے سمجھوتہ کی ہے تاکہ حجاج کو قربانی کا گوشت فراہم کرنے کا موقع دیا جائے گا ۔ احمد محمد علی نے کہا کہ ’’مناسک حج کے اختتام پر حجاج گائے خریدتے ہوئے اس کے ذبیحہ کے بعد اس کا گوشت بطور عطیہ دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 23 اسلامی ممالک کو قربانی کے گوشت پر مبنی غذا کی فراہمی کے کام میں آئی ڈی بی بھی شاہ سلمان مرکز برائے انسانی امداد و راحت رسانی سے تعاون کرے گی ۔ یمن کو غذا کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوزکی جائے گی ۔ واضح رہے کہ جون 2012 ء کے دوران سعودی عرب میں پہلی مرتبہ میئرس وباء پھیلنے کا پتہ چلا تھا جس کے بعد سے تاحال اس ملک میں 500 سے زیادہ افراد کی موت اور دیگر 1225 کے متاثر ہونے کی توثیق ہوئی ہے جس کے پیش نظر حکومت سعودی عرب نے اونٹ کے گوشت کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے ۔