ہمیں مسلمانوں کی خوشیوں ، دکھوں اور تکالیف کا احساس :شاہ سلمان
منیٰ ۔ /3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب مسلم دنیا کا دل ہے۔اس کو دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی خوشیوں ، دکھوں اور تکالیف کا احساس ہے۔وہ مسلم امہ میں اتحاد ، تعاون اور یک جہتی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور پوری دنیا میں امن اور سلامتی کا خواہاں ہیں۔شاہ سلمان منیٰ میں شاہی دیوان میں حج کا فریضہ ادا کرنے والے سربراہان ریاست اور حکومت اور خادم الحرمین الشریفین کے شاہی مہمانوں کے اعزاز میں منعقدہ سالانہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے حج کا فریضہ ادا کرنے والے تمام معزز مہمانوں اور دنیا بھر سے آئے ہوئے حجاج کرام کو مبارک باد دی۔انھوں نے کہا کہ ’’ اللہ تعالیٰ نے اس ملک اور اس کے عوام کو الحرمین الشریفین اور حج اور عمرے کے لیے آنے والے زائرین کی خدمت کا اعزاز بخشا ہے۔ سعودی عرب حجاج کرام کوحج کی ادائی کے لیے ہر ممکن سہولتیں مہیا کرنے کی غرض سے تمام انسانی اور مادی وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔شاہ سلمان نے کہا کہ ’’ ہم الحرمین الشریفین کو ایک مربوط طریقے سے اعلیٰ خدمات مہیا کرنے کے لیے پْرعزم ہیں۔مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے تحفظ اور سکیورٹی کے لیے اقدامات کررہے ہیں اور اس ضمن میں شاہ عبدالعزیز کے دور حکومت سے مسلسل ترقیاتی کاموں اور بھرپور کوششوں کا سلسلہ جاری ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے بازو ؤں نے مقدس مقامات کو ان کے تقدس کو ملحوظ رکھے بغیر نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن سعودی مملکت نے اللہ کی مدد اور اپنے بھائیوں اور دوستوں کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور دہشت گردی کے ہر طرح کے ذرائع کا بڑے پختہ عزم کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔