سعودی عرب سے 93 نعشوں کی واپسی کا انتظار

نئی دہلی 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب میں تقریبا 93 ہندوستانی باشندوں کی نعشیں وطن لائی جانے کی منتظر ہیں ۔ حکومت نے راجیہ سبھا میں کل یہ بات بتائی ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے منسٹر آف اسٹیٹ امور غیر مقیم ہندوستانی امور وی کے سنگھ نے کہا کہ جن ممالک سے ایمیگریشن چیک درکار ہوتا ہے وہاں سے تقریبا 112 ہندوستانیو ںکی نعشیں وطن لائی جانی ہیں۔ سعودی عرب کے علاوہ جہاں ہندوستانیوں کی نعشیں موجود ہیں ان میں اومان ‘ متحدہ عرب امارات ‘ قطر ‘ کویت ‘ لبنان اور ملیشیا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں جملہ 2,472 ہندوستانی سعودی عرب میں فوت ہوئے ہیں ۔ ان میں سے 1,145 افراد کی نعشوں کو ہندوستان لایا گیا جبکہ 1,326 افراد کی وہیں تدفین وغیرہ عمل میں آئی ۔ 2014 میں سعودی عرب میں فوت ہونے والے ہندوستانیوں کی تعداد 2,348 رہی ۔