ریاض ، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور قطر نے آج شوال المکرم کا ہلالی چاند دکھائی دینے پر اتوار 25 جون کو عیدالفطر واقع ہونے کی توثیق کردی ہے۔ سعودیہ کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے بموجب شاہی مملکت نے ایک بیان میں کہا کہ آج شام غروب آفتاب کے بعد متعدد شہادتوں سے شوال کا نیا چاند نظر آنے کی تصدیق ہوئی اور سعودی عرب میں اعلان کیا گیا کہ اتوار کو عیدالفطر منائی جائے گی۔ اس دوران یو اے ای، قطر اور دیگر عرب اقوام کی رویت ہلال کمیٹیوں نے بھی اتوار کو عیدالفطر ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی سعودی عرب، یو اے ای اور دیگر خلیجی مملکتوں میں رمضان کا مقدس ماہِ صیام کا آج آخری دن ہوگیا۔ دیگر ملکوں میں
انڈونیشیا، ملائیشیا، سنگاپور اور پڑوسیوں نے چند گھنٹے قبل نیا چاند نظر آنے کی اطلاع کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ اتوار 25 جون کو عیدالفطر منائی جائے گی۔ تاہم، عمان کی وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا کہ اتوار کو جاریہ رمضان کا آخری دن ہوگا اور دوشنبہ 26 جون کو عید الفطر (یکم شوال) منائی جائے گی ، کیونکہ آج ہفتہ کو دارالحکومت مسقط میں رویت ہلال نہ ہوسکی۔ خلیجی ، مسلم اور خطہ کے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ امریکہ، برطانیہ، کناڈا اور یورپی ملکوں میں بھی عیدالفطر اتوار کو منائے جانے کا اعلان ہوا ہے۔ انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش اور دیگر جنوب ایشیائی ممالک میں اتوار کو 29 واں روزہ ہوگا۔