سعودی شہزادہ ولید بن طلال کو 6 ارب ڈالر میں آزادی کی پیشکش

نیویارک ، 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے حکام نے کرپشن کیس میں گرفتار دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے عرب شہزادہ الولید بن طلال کو 6 ارب امریکی ڈالر کے عوض آزادی کی پیشکش کی ہے۔ سعودیہ حکومت نے گزشتہ ماہ کے آغاز میں کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 11 شہزادوں سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کیا تھا، جن میں الولید بن طلال بھی شامل ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارہ ’بلوم برگ‘ کی رپورٹ کے مطابق کرپشن کے الزام میں گرفتار شہزادہ کا شمار دنیا کی ابتدائی 50 امیرتین شخصیات میں ہوتا ہے۔ اُن کے جملہ اثاثہ جات کی مالیت 19 ارب ڈالر ہے۔ شہزادہ ولید نے نامور کمپنیوں جیسے ایپل، سٹی گروپ وغیرہ میں سرمایہ کاری کررکھی ہے۔ اُن کے اثاثہ جات کی مالیت کا اندازہ اس طرح بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ 2007ء میں اپنا ذاتی طیارہ A-380 خریدنے اور پرائیویٹ ایرپورٹ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔