سعودی انڈین بزنس نیٹ ورک کے وفد کی جناب زاہد علی خاں سے ملاقات

حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : سعودی ۔ انڈین بزنس نیٹ ورک کے وفد نے آج جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کرتے ہوئے ادارہ سیاست کی سرگرمیوں کے متعلق تفصیلات سے آگہی حاصل کی ۔ جناب میر غضنفر علی ذکی کی زیر قیادت ہندوستان کا دورہ کررہے وفد نے سیاست کی فلاحی سرگرمیوں کے علاوہ خطاطی کی تربیت کے متعلق سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور ادارہ ، سیاست کی فلاحی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے وفد کے ارکان نے کہا کہ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کا فروغ ہے ۔ جناب میر غضنفر علی ذکی کے ہمراہ مسرز حاتم عبدالموتی ، وفا احمد الغامدی ، صالح عبدالعزیز المروان ، ھنا عبدالعزیز المروان ، حسام القحطانی ، ڈاکٹر عبدالرحیم مولانا ، محمد مدنی کے علاوہ جناب میر فراست علی باقری موجود تھے ۔ سعودی وفد کے ارکان نے بتایا کہ اس دورے کے ذریعہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے علاوہ درآمدات و برآمدات کی پالیسی کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے ۔ وفد میں شامل اراکین کا سعودی عرب کی مختلف کمپنیوں سے تعلق ہے ۔ اور ان اراکین کی جانب سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ریاست کے مختلف تاجرین کو سعودی میں مواقع کی فراہمی کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ توقع ہے کہ ہند سعودی تجارتی وفد 27 اگست کو سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کرے گا ۔۔