سعدیہ فنکشن ہال چمپاپیٹ میں آج رشتوں کا دوبدو پروگرام

حیدرآباد ۔ 25 جنوری (دکن نیوز) مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کیلئے برسرموقع رشتے طئے کرنے کے سلسلہ میں ادارہ سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم حیدرآباد کی جانب سے 26 جنوری کو صبح 10 تا 3 بجے دن بمقام سعیدیہ فنکشن پیالیس روزگار گارڈن فنکشن ہال، ساگر روڈ، چمپاپیٹ میں 25 واں (سلور جوبلی) دوبدو ملاقات پروگرام منعقد ہوگا، جس میں والدین و سرپرستوں کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے تاکہ وہ نہ صرف پیامات کا جائزہ لیں بلکہ آپسی مشاورت کے ساتھ معیاری و من پسند رشتوں کا انتخاب کریں۔ والدین و سرپرست اس بات کا بھی عہد کریں کہ وہ شادیوں کے سلسلہ میں لین دین سے اجتناب کریں گے اور اپنے محبوب پیغمبر حضواکرم ﷺ کی اس حدیث کو پیش نظر رکھیں گے کہ نکاح کو آسان بنایا جائے اور نکاح میں سادگی اختیار کی جائے تاکہ اللہ کی رحمتیں و برکتیں نازل ہوسکے۔ اس پروگرام کے ذریعہ اسی پیام کو عام کیا گیا ہے۔ تاحال 24 پروگرامس کے ذریعہ تقریباً 4000 سے زائد مسلم لڑکے و لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کیا گیا۔ اس پروگرام میں میڈیسن، انجینئرنگ، ایم بی اے، ایم سی اے، پوسٹ گریجویٹس، گریجویٹس، بی ایڈ، ایم ایڈ، انٹرمیڈیٹ، ووکیشنل، حافظ، عالم، فاضل، ایس ایس سی، ٹیکنیکل اور کم تعلیم یافتہ لڑکوں و لڑکیوں کے سینکڑوں رشتے دستیاب رہیں گے۔ عقدثانی کیلئے بھی ایک علحدہ کاونٹر ہوگا جس سے خلع شدہ، مطلقہ اور بیوہ لڑکیاں اور عورتیں استفادہ کرسکتی ہیں۔ حالیہ عرصہ میں جو واقعات ہوئے ہیں

اس بناء پر نوجوان لڑکوں و لڑکیوں کیلئے یہ کاونٹر قائم کیا جارہا ہے۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست صدارت کریں گے جبکہ مولانا سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی حیدر قادری مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیرمقدمی تقریر کریںگے۔ قرأت کلام پاک کے بعد مشہور شاعر و نعت خواں ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کریں گے۔ شادی خانہ کے باب الداخلہ پر رجسٹریشن کاونٹرس لڑکے و لڑکیوں کے لئے علحدہ بنائے گئے ہیں۔ جہاں مفت رجسٹریشن کی سہولت رہے گی۔ کاروں اور موٹر گاڑیوں کیلئے بھی مفت پارکنگ کا نظم کیا گیا ہے۔ 25 ویں دوبدو ملاقات پروگرام میں دفتر ایم ڈی ایف پر کروائے گئے رجسٹریشن کے تحت لڑکوں و لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز بھی دستیاب رہیں گے۔ اس کے علاوہ 10 کمپیوٹر سسٹم پر مشتمل کمپیوٹر سسٹم ہوگا جہاں والدین و سرپرست اسکرین پر لڑکے و لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس و فوٹوز ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ اس پروگرام کی مسرت میں ادارہ سیاست کی جانب سے ایم ڈی ایف کے عہدیداروں اور کارکنوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ’’خصوصی مومنٹوز‘‘ اور والینٹرس اور کونسلرس کو بھی ستائشی سرٹیفکیٹس جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں دیئے جائیں گے۔