بیجنگ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج چین کے چار روزہ دورہ پر آج یہاں پہونچیں ، جس کے دوران وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گی اور اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ وسیع تر باہمی اور ہمہ جہت مسائل پر بات چیت منعقد کرنے کے علاوہ روس ۔ ہندوستان ۔ چین (آر آئی سی) سہ رخی کانفرنس میں شرکت بھی کریں گی۔ 62 سالہ لیڈر کا گزشتہ سال عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد یہ بیجنگ کو اولین دورہ ہے۔ سشما توقع ہے کہ تبت میں کیلاش ۔ مانسروریاترا کی دوسری گذر گاہ شروع کرنے کیلئے انتظامات کو قطعیت دیں گی جس کیلئے چین نے گزشتہ سال اتفاق کیا تھا کہ اسے ہندوستانی یاتریوں کیلئے کھولا جائے گا۔ سکم میں درہ ناتھولا کے ذریعہ یہ روٹ بسوں سے سفر کرنے والوں کیلئے آسان راستہ ہے جو آئندہ چند مہینوں میں کھل جانے کی توقع ہے۔ سشما کے ہمراہ نئے معتمد خارجہ ایس جئے شنکر کے بشمول دیگر سینئر وزارتی عہدیدار ہیں۔