نئی دہلی ۔ /4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیر خارجہ سشما سوراج کے خلاف راجیہ سبھا میں تحریک مراعات شکنی کی نوٹس داخل کی ہے ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے /3 اگست کو بیان دیتے ہوئے ایوان کو گمراہ کیا تھا ۔ جبکہ وہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی پر مباحث کا جواب دے رہی تھیں ۔ کانگریس کے ارکان امبیکا سونی ، وویک ٹنکھا ، پرتاپ باجوا ، راجن گوبین ، راجو گوڑا اور دیگر نے الزام عائد کیا کہ مختصر مباحث کے دوران سشما سوراج نے ایوان کو گمراہ کیا تھا ۔ کانگریس پیر کو بھی ایک علحدہ نوٹس دے گی ۔ کانگریس کا الزام ہے کہ پاکستان کے تعلق سے سشما سوراج نے ایوان میں غلط بیان دیا تھا ۔ قاعدہ 188 کے تحت ہم نے سشما سوراج کے خلاف تحریک مراعات شکنی کا نوٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہمیں یہ جان کر دکھ ہوا کہ وزیر خارجہ نے ایوان میں بیان دیتے ہوئے ارکان کو گمراہ کیا ہے اور دانستہ طور پر جھوٹ بولا ہے ۔