نیویارک ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر امور خارجہ سشما سوراج یو این جنرل اسمبلی کے 73 ویں سیشن میں مصروف ہفتے کے دوران اپنے ہم منصب کئی وزراء کے ساتھ باہمی اجلاس منعقد کریں گی اور ہمہ رخی میٹنگوں میں شرکت کریں گی جیسے سارک اور بریکس۔ سشما سوراج جو جنرل اسمبلی کے ہفتے کیلئے یہاں ہفتہ کو پہنچیں، آج صدر ٹرمپ کی میزبانی میں انسداد منشیات کے بارے میں اعلیٰ سطح کے ایونٹ میں شرکت کررہی ہیں۔ اس ایونٹ کے ساتھ اعلیٰ سطح کے یو این جی اے ہفتے کی شروعات ہورہی ہے۔ وزارت خارجہ میں یواین پولیٹکل جوائنٹ سکریٹری دنیش پٹنائک نے ہندوستان کے مستقل مشن برائے اقوام متحدہ میں میڈیا کو بتایا کہ سشما سوراج کے ساتھ تقریباً 30 باہمی اجلاسوں کیلئے درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ وہ نیلسن منڈیلا پیس کانفرنس میں بھی شرکت کریں گی جو آنجہانی جنوبی افریقی صدر کے صدسالہ یوم پیدائش کے اعزاز میں عالمی امن پر اعلیٰ سطح کا کھلا اجلاس ہے۔