سشما سواراج کو پالمور سے مقابلہ کی پیشکش

حیدرآباد۔24فبروری ( سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی قائد و رکن اسمبلی ڈاکٹر این جناردھن ریڈی نے قائد اپوزیشن لوک سبھا و سینئر قائد بی جے پی شریمتی سشما سواراج کو تلنگانہ چمپئن قرار دیا اور کہا کہ پالمور ( محبوب نگر) سے اگر سشما سواراج لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیں تو ان کی کامیابی کی ذمہ داری وہ خود لیں گے ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے پُرزور الفاظ میں کہا کہ لوک سبھا میں اگر بی جے پی کی تائید نہ رہنے کی صورت میں تلنگانہ بل کو پارلیمنٹ میں منظوری حاصل ہونا ہرگز ممکن نہیں تھا ۔

انہوں نے مرکزی حکومت سے دریافت کیا کہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لانے کیلئے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پیشکردہ بل منظور ہونے کے باوجود صدر جمہوریہ ہند کی ابھی تک اس تلنگانہ بل کو منظوری کیوں حاصل نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کانگریس کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ درحقیقت تلنگانہ بل منظور کروانے سے کانگریس پارٹی کو بھی کوئی دلچسپی نہیں تھی بلکہ وہ صرف پارلیمنٹ میں بل پیش کر کے صرف تماشائی بننا چاہتی تھی اور بعد ازاں بل منظور نہ ہونے کا اظہار کر کے اپنی ذمہ داری سے راہ فرار ہونے کیلئے کوشاں تھی لیکن بی جے پی نے کانگریس کے اس طریقہ کار سے آگہی حاصل کر کے بی جے پی کے تلنگانہ عوام کو دیتے ہوئے اپنے تیقن اور وعدہ کو پورا کرنے کیلئے تلنگانہ بل کو پارلیمنٹ میں منظور کروانے کیلئے اپنا اہم رول ادا کیا ۔