بیجنگ ۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ہندوستان سشماسوراج کے دورہ چین سے قبل چین نے آج اپنے سدا بہار حلیف پاکستان کی بھرپور تائید کی جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے پڑوسی ملک کو ’’دہشت گردی درآمد کرنے کا کارخانہ‘‘ قرار دیا ہے۔ سشماسوراج کل چین پہنچیں گی اور غیرملکی وزرائے خارجہ کی شنگھائی تعاون تنظیم کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گی جو 24 اپریل سے منعقد ہورہی ہے۔ اتوار کے دن ان کی ملاقات وزیرخارجہ چین وانگ ای سے مقرر ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چن انگ نے کہا کہ دہشت گردی ایک ایسا دشمن ہے جس کا ہم سب کو سامنا ہے۔ بین الاقوامی برادری سخت جدوجہد کررہی ہے تاکہ اس کے خلاف جنگ میں ہم سب کو متحد کرے۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ مودی کی جانب سے پاکستان کو دہشت گردی برآمد کرنے والے کارخانہ قرار دینے کے لندن میں تقریر کے دوران تبصرہ پر ردعمل دریافت کرنے پر انہوں نے کہا کہ وہ اپنے سدابہار حلیف ملک کا بھرپور دفاع کرتے ہیں۔ بھارت کی بات نامی پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے پڑوسی ملک کو دہشت گردی برآمد کرنے والا کارخانہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی برادری پاکستان اور اس کے حلیف ملک چین کی دہشت گردی سے مقابلہ کرنے جنگ میں تائید کرے گی۔