سزائے قید کے خلاف سلمان خان کی درخواست پر جمعرات سے سماعت

ممبئی 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بمبئی ہائی کورٹ نے آج کہا کہ 2002 کے ٹکر اور فرار مقدمہ میں بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو دی گئی پانچ سال کی سزا کے خلاف اُن کی طرف سے دائر کردہ اپیل پر 30 جولائی سے باقاعدہ بنیاد پر سماعت کا آغاز کیا جائے گا ۔ سلمان کے وکیل امیت دیسائی نے 3 اگست تک سماعت کے التواء کی درخواست کی تھی لیکن جسٹس اے آر جوشی نے اس پر غور نہیں کیا اور 30 جولائی سے سماعت کے آغاز کا فیصلہ کیا ۔ اس ضمن میں متعلقہ پیشرفت کے طور پر جج نے اس بنیاد پر درخواست کی سماعت پر التواء جاری کرنے کیلئے دائر کردہ مداخلت کی اپیل کو بھی مسترد کردیا عدالت نے کہا کہ درخواست گذار کو درخواست مداخلت دائر کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ قتل کے ایک مجرم نے جس کی اپیل پر 2009 سے سماعت نہیں کی گئی ہے درخواست مداخلت دائر کی تھی اس کا استدلال تھا کہ مشہور و معروف شخصیات کے مقدمات کی عاجلانہ سماعت کی جاتی ہے جبکہ دوسروں کے مقدمات کی سماعت زیر التواء رکھی جاتی ہے جس کے نتیجہ میں اُس جیسے مجرمین جیلوں میں پڑے ہیں۔ اس نے اسی الزام پر ایک علحدہ درخواست دائر کی تھی جو مشہور و معروف فلمی اداکاروں کی طرف سے دائر کی جانے والی درخواستوں کی فوری سماعت کا الزام عائد کیا تھا ۔ اس کی وکیل اپرنا واٹکر نے استدعا کی تھی کہ موکل کی درخواست پر عاجلانہ سماعت کی جائے ۔