سری لنکا کی مخلوط حکومت دس ماہ قبل تحلیل

کولمبو۔27 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کی مخلوط حکومت تحلیل کر دی گئی ہے۔ حکومت کے ترجمان راجیتھا سینارتنے کے مطابق صدر میتھرئی پالا سریسینا نے جنرل الیکشن سے دس ماہ قبل سری لنکا کی اسمبلی کو تحلیل کر دیا ۔ صدر نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب حکمراں جماعت یونائیٹڈ نیشنل پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ اس نے صدر سے اسمبلی تحلیل کرنے کی درخواست کی ہے۔ یونائیٹڈ نیشنل پارٹی نے صدارتی انتخابات میں سریسینا کی حمایت کی تھی۔ اس جماعت کے رہنما رنیل وکریمی سنگھا ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ سری لنکا کے قانون کے تحت اسمبلی کے تحلیل کئے جانے کے 52 سے 66 دنوں کے اندر انتخابات ہونے چاہئیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق عام انتخابات 17 اگست کو ہوں گے۔
اسمبلی کے تحلیل ہونے کے ساتھ مخلوط حکومت کا خاتمہ ہو گیا ہے جو جنوری میں صدارتی انتخابات کے بعد 100 روز کیلئے قائم کی گئی تھی۔ تاہم یہ حکومت 100 روز سے زیادہ وجود میں رہی کیونکہ اس کو اہم آئینی اصلاحات کیلئے مزید وقت درکار تھا۔