سری لنکا وزیر اعظم کا بیان ۔ نریندر مودی کے منہ پر طمانچہ

ہندوستانی ماہی گیروں کو ڈاکو قرار دینے پر ڈی ایم کے کا اعتراض
چینائی۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : سری لنکا کے وزیر اعظم وکرما سنگھے کے اس بیان پر کہ اس ملک کی آبی سرحدوں کی خلاف ورزی پر ہندوستانی ماہی گیروں کو گولی مار دی جائے گی ۔ سخت تنقید کرتے ہوئے ڈی ایم کے نے آج کہا کہ سری لنکا کے دورہ سے عین قبل وزیر اعظم نریندر مودی کے منہ پر یہ ایک طانچہ ہے ۔ صدر ڈی ایم کے ایم کروناندھی نے بتایا کہ وزیر اعظم سری لنکا نے ہند مخالف یہ بیان ایسے وقت دیا ہے جب ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ہفتہ اس ملک کا دورہ کرنے والے ہیں ۔ قبل ازیں وکرما سنگھے نے ایک ٹامل ٹی وی چیانل کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر کوئی میرا مکان توڑ کر اندر داخل ہوگیا تو میں اسے گولی مار دوں گا اور اگر وہ ہلاک ہوگیا تو قانون مجھے اس کی اجازت دیتا ہے ۔ کروناندھی نے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تبصروں سے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید پیچیدہ ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیر خارجہ سشما سوراج کی ذمہ داری ہے کہ ماہی گیروں کے مسئلہ کو انسانی بنیادوں پر رجوع کریں نہ کہ قانونی طریقہ سے نمٹا جائے ۔ ڈی ایم کے لیڈر نے کہا کہ ماہی گیروں کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ سمندر کے وسط میں بین الاقوامی سرحدوں کی نشاندہی کرے ۔ اور وکرما سنگھے کی جانب سے ہندوستانی ماہی گیروں کو ڈاکوؤں سے تشبیہہ دینے پر انہوں نے شدید اعتراض کیا اور بتایا کہ یہ ان کی روٹی روزگار کا مسئلہ ہے اور قانون انہیں مار دینے کی اجازت دیتا ہے تو یہ حیرت انگیز ہے ۔