کولمبو ۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی حکام نے عوام کیلئے اپنے ہتھیار جیسے خنجر، تلوار اور دیگر تیز دھاری ہتھیاروں کو حکومت کے حوالے کردینے کی مہلت میں مزید 48 گھنٹوں کی توسیع کی ہے۔ علاوہ ازیں ایسے ملبوسات پہننے پر بھی امتناع عائد رہے گا جو فوجی لباس سے مماثلت رکھتے ہوں۔ یاد رہیکہ ایسٹرسنڈے کو چرچس پر کئے گئے حملوں کے تناظر میں یہ اقدامات کئے جارہے ہیں جس میں 250 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ہفتہ کے روز پولیس نے عوام سے خواہش کی تھی کہ وہ اپنے تمام ہتھیارات قریبی پولیس اسٹیشنوں میں جمع کروادیں کیونکہ حملوں کے بعد پولیس کی تلاشی مہم کے دوران مساجد اور مکانات سے بڑی مقدار میں ہتھیار برآمد ہوئے تھے۔ دریں اثناء جزیری ملک کے ساحلی مستقر نیگومبو سے کرفیو برخاست کردیا گیا ہے جہاں دو فرقوں کے درمیان تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ علاوہ ازیں متاثرہ علاقوں میں جن اسکولس کو بند کردیا گیا تھا ان کی بازکشادگی عمل میں آئی ہے۔ اسکولس کے اطراف و اکناف طلباء کو تحفظ فراہم کرنے تینوں افواج سے تعلق رکھنے والے عہدیدار، پولیس، سیول سیکوریٹی آفیسرس، اولیائے طلباء اور اسکول کے سابق طلباء بھی وہاں موجود تھے۔