سری لنکا میں سیلاب ‘ ہلاکتوں کی تعداد 84ہوگئیں

118 افراد لاپتہ‘لاکھوں افراد بے گھر ‘ دنیا بھر سے بشمول ہندوستان سری لنکاکو مدد پہنچ گئیں
کولمبو۔22مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بچاؤ کارکنوں نے مزید نعشیں زمین کھسکنے کے تباہ کن واقعات سے جمع ہوجانے والے کیچڑ کے ملبہ سے برآمد کی ہے ۔ اس طرح ہلاکتوں کی تعداد 80سے زیادہ ہوگئی جبکہ 118 افراد ہنوز لاپتہ ہیں ۔ سری لنکا میں گذشتہ 25سال میں پہلی بار زبردست ترین بارش کے نتیجہ میں زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے تھے ۔ دنیا بھر سے امداد بشمول ہندوستان سری لنکا پہنچنا شروع ہوگئی ہے ۔ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں ۔ زبردست بارش سے گذشتہ ہفتہ سری لنکا میں تباہی آئی تھی ۔ زمین کھسکنے کے واقعات سے مہلوکین 50فیٹ بلند کیچڑ میں زندہ دفن ہوگئے ۔ سری لنکا کی فوج نے اور بچاؤ کارکنوں نے کل رات دیر گئے بدترین متاثرہ علاقے کیگال سے مزید 13نعشیں برآمد کی ۔ آفات سماوی انتظامیہ مرکز کے بموجب زمین کھسکنے کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 84ہوگئی جبکہ 118 افراد ہنوز لاپتہ ہیں ۔ تقریباً تین لاکھ چالیس ہزار افراد پورے ملک میں سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات کی وجہ سے بے گھر ہوگئے ہیں ۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے ۔ کیونکہ بچاؤ ٹیمیں ہنوز بدترین متاثرہ چند علاقوں تک رسائی حاصل نہیں کرسکیں ۔

قومی آفات سماوی انتظامیہ مرکز کے بموجب سری لنکا کے 25 اضلاع میں سے 21 سیلاب اور زمین کھسکنے سے بدترین متاثرہ علاقے ہیں ۔ فوج کے بموجب لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے ۔ 43 نعشیں ملبہ سے تاحال برآمد کی جاچکی ہیں ۔ آج صبح سورج نظر نہیں آیا اس کے باوجود بچاؤ کارروائی جاری رہی ‘ تاہم اس میں کافی مشکلات پیدا ہوئیں ۔ میجر جنرل سدانتا رانا سنگھے نے کہا کہ سیلاب کا پانی دارالحکومت کولبو میں اور جنوبی صوبہ کے علاقہ کیلانیا اور پڈویلا علاقوں میں اترنا شروع ہوگیا ہے ۔ بین الاقوامی امداد کل سے ہی سری لنکا پہنچنا شروع ہوگئی جس کی وجہ سے بے گھر ہوجانے والے لاکھوں افراد کی مدد ہوئی ۔ کئی ممالک بشمول ہندوستان ‘ پاکستان ‘ آسٹریلیا اور جاپان بلانکٹس ‘ پانی صاف کرنے کی گولیاں اور پینے کا پانی سربراہ کررہے ہیں ۔ ہندوستانی فضائیہ کے طیارے اور بحریہ کے دو جہاز ہنگامی بنیادوں پر سامان کے ساتھ کولمبو پہنچ گئے ۔ سری لنکا کی فوج نے فضاء سے غذا اور پانی کے پیاکٹس متاثرہ علاقوں میں گرائے ۔ اقوام متحدہ نے سری لنکا کی مدد کا تیقن دیا ہے ۔ صدر امریکہ نے بھی ایساہی تیقن دیا ہے ۔ سری لنکا کی پولیس نے 16لٹیروں کو گرفتار کرلیا ہے جو لوٹ مار کے ارادہ سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں داخل  ہوئے تھے ۔