نئی دہلی ۔20ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پڑوسی ممالک سے تعلقات استوار کرنے میں ہندوستان کی گہری دلچسپی ہے چنانچہ وہ سری لنکا کے ساتھ اکٹوبر تک 5.19 ارب امریکی ڈالر مالیتی روڈ پراجکٹ کے سلسلہ میں بات چیت کرے گا ۔ یہ پراجکٹ دونوں ممالک کو ایک سمندری پُل اور دوسری زیر آب سرنگ کے ذریعہ باہم مربوط کرے گا ۔ یہ ترقیاتی کارروائی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کی وزیراعظم سری لنکا رانیل وکرما سنگھے سے گذشتہ ہفتہ ملاقات کے دوران طئے پائی ۔ اس کارروائی کے ذریعہ موجودہ بنگلہ دیش ‘ بھوٹان اور نیپال کے علاوہ دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ معاہدوں کے منصوبہ کا ایک حصہ ہے ۔ ہندوستانی اور سری لنکا میں معتمدین کی سطح کی بات چیت اکٹوبر میںمنعقد کی جائے گی جس میں اس تعمیراتی منصوبہ تفصیلات پر غور کیا جائے گا ۔ اس تعمیراتی پراجکٹس میں 22کلومیٹر طویل زیر آب سرنگ اور سمندری پُل بھی شامل ہوں گے ۔ ایک اور اطلاع کے بموجب مرکزی حکومت امکان ہے کہ ماحولیات دوست ‘ شوارع پالیسی کا اکٹوبر کے اواخر میں اعلان کرے گی ۔ اس پالیسی کے تحت لازمی طور پر ایک فیصد رقم جو پراجکٹ کی لاگت کا حصہ ہوگی شجرکاری کیلئے مختص کی جائے گی ۔