سری لنکا ئی مسلمانوں پر مظالم کی تحقیقات کا مطالبہ

بیرووالا(سری لنکا)۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کی اصل مسلم پارٹی جو حکمراں پارٹی کی حلیف ہے، نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سری لنکا میں ہونے والے بدترین مسلم کش فسادات کی تحقیقات کرے۔ مسلمانوں پر مظالم اورظلم و زیادتیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سری لنکا مسلم کانگریس نے کہا کہ وہ آج پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کرے گی۔ صدر مہندا راجہ پکشے نے تشدد سے متاثرہ مسلم علاقوں کا آج دورہ کیا۔کٹر پسند بدھسٹ گروپوں نے تشدد بھڑکایا ہے۔ وزیر انصاف اور سری لنکا مسلم کانگریس لیڈر رؤف حکیم نے کہا کہ مہندا راجہ پکشے نظم و نسق کی کوتاہیوں

اور کمزوریوں کے باعث ہی تشدد بھڑک اُٹھا ہے۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے مسلمانوں کے خلاف تشدد کو روکنے کیلئے کچھ نہیں کیا۔ رؤف حکیم ، راجہ پکشے کابینہ میں سب سے سینئر مسلم وزیر ہیں۔ راجہ پکشے جنہوں نے تشدد بھڑک اُٹھنے کے بعد بولویا کا دورہ کیا تھا، واپسی کے فوری بعد بیرووالا کا دورہ کیا۔ تشدد سے متاثرہ علاقوں میں سینکڑوں سپاہی تعینات کردیئے گئے ہیں تاکہ پولیس کی مدد کی جاسکے۔ انتہا پسند بدھسٹوں نے اتوار کے دن پڑوسی علاقہ اَلٹ گاما میں جلوس نکالا تھا۔