سری لنکائی مسلمانوں کی تباہ شدہ مساجد میں نماز جمعہ

کولمبو ۔ 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے مسلمانوں نے جمعہ کی نماز سخت سیکوریٹی میں ادا کی کیونکہ ایسٹر کے موقع پر چرچس اور ہوٹلس میں کئے گئے دھماکوں کے بعد ردعمل کے طور پر مساجد کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا اور کئی مساجد کے علاوہ مسلمانوں کی دوکانات کو بھی نشانہ بناتے ہوئے توڑپھوڑ کی گئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد مساجد پر پولیس اور فوج کا سخت پہرہ ہے اور اسی ماحول میں آج یہاں کے مسلمانوں نے رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کی نماز ادا کی۔ جاریہ ہفتہ بودھ مت کا ایک انتہائی اہم تہوار بھی منایا جانے والا ہے جس کے پیش نظر ملک بھر میں سیکوریٹی میں بہت زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔ مسلمانوں نے آج ان مساجد میں بھی نماز ادا کی جنہیں شرپسندوں نے توڑپھوڑ دیا تھا جن میں صوفی اسلامی مسجد بھی شامل ہے۔