سری لنکائی بحریہ نے سات ہندوستانی مچھیروں کو گرفتار کرلیا

کولمبو ؍ رامیشورم ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تملناڈو سے تعلق رکھنے والے سات مچھیروں کو سری لنکائی بحریہ نے اپنی آبی حدود میں ماہی گیری کے دوران گرفتار کرلیا جو سری لنکائی آبی حدود میں مچھلی پکڑنے کیلئے ممنوعہ جالوں کا استعمال کررہے تھے۔ محکمہ سمکیات کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر تھنجاور ڈسٹرکٹ ایم چناکپن نے یہ بات بتائی جو ان کے مطابق آج صبح گرفتار کئے گئے۔ وہ اس وقت چھوٹی کشتیوں میں سوار تھے اور نیدنتھیوو کے قریب آبی حدود میں مچھلیاں پکڑرہے تھے جو سری لنکا کی آبی حدود کہلاتی ہے۔ سری لنکائی بحریہ نے اپنے جہاز کو ماہی گیروں کی کشتی سے ٹکرادیا جس سے کشتی کو کافی نقصان پہنچا۔ انہیں دو بنیادوں پر گرفتار کیا گیا۔ ایک یہ کہ وہ سری لنکائی آبی حدود میں گھس آئے تھے اور دوسرے یہ کہ وہ ایک ایسے جال کا استعمال کررہے تھے جس پر سری لنکائی حکومت نے امتناع عائد کر رکھا ہے۔