ممبئی ۔ 27 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) اداکارہ سری دیوی کی دوبئی میں ہوئی موت پر ٹی وی میڈیا کی جانب سے کی جارہی سنسنی خیز رپورٹنگ پر کئی فلمی شخصیتوں نے برہمی ظاہر کی ہے ۔ ان فلمی اداکاروں کا احساس ہے کہ کسی کی موت پر اس طرح کی سنسنی پیدا کرنا مناسب نہیں۔ بالی ووڈ کے اہم ستاروں کے علاوہ سری دیوی کے مداحوں نے بھی ٹی وی میڈیا پر الزام عائد کیاکہ اس نے بے بنیاد اور غیرسنجیدگی سے سری دیوی کی موت کی خبر کو پیش کیا ہے ۔ ودیا بالن اور فرحان اختر نے ٹی وی چینلوں پر تنقید کی کہ ان چینلوں نے سری دیوی کی موت کے پیچھے کئی سازشی کہانیاں گھڑی ہیں۔ فرحان نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا کہ اس خبر کو سنسنی خیز بنانے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی ۔ ودیا بالن نے کہا کہ خدا کیلئے مرنے والے کو بخش دیا جائے اور اُسے چین کی نیند سونے دیجئے ۔ کتنی شرم کی بات ہے کہ پورا ملک خاموشی کے ساتھ اپنے سوپر اسٹار سری دیوی کی موت کی خبر سُن رہا ہے لیکن میڈیا والوں نے اسے قتل کی سازش قرار دے کہ لائیو ٹیلی کاسٹ کرنا شروع کیاہے۔ میرا ہمیشہ سے یہ احساس رہا ہے کہ ہندوستانی میڈیا نے فلمی شخصیتوں کے تعلق سے ہمیشہ گمراہ کن خبریں پیش کی ہیں۔ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ ہم متوفی کی خوبیوں کو یاد کرتے ہیں اور ہم انھیں اپنی محبت کے ذریعہ شردھانجلی پیش کرتے ہیں۔ فیشن ڈیزائینر مصابا منتینا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سری دیوی کی موت کے تعلق سے سنسنی پھیلانے والے ٹی وی چینلوں کی خبریں نہ دیکھیں اور اپنے ٹی وی سیٹ بند کردیں۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا آپ اور آپ کے ارکان خاندان اس طرح کی خبریں پھیلانے والوں کے حق میں ہیں؟ برائے کرم اپنا ٹی وی سیٹ بند کردیجئے ۔ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ یہ نیوز چینلس اس حد تک گر سکتے ہیں۔ ان چینلوں کو اس سطح کی رپورٹنگ فوری روک دینی چاہئے۔ اُن پسماندگان پر کیا گذرتی ہوگی جن کے گھر یہ سانحہ ہوا ہے ۔ ان کی دو غمزدہ لڑکیوں کا تو خیال کرنا چاہئے جنھوں نے اپنی ماں کو کھویا ہے ۔ براہِ کرم اب اس کھیل کو ختم کیا جائے ۔ سونوسود نے لکھا ہے کہ مجھے ایسی رپورٹنگ دیکھنے کے بعد حیرت ہوتی ہے کہ کیا لوگ کسی کی موت پر بھی اس طرح سنسنی پھیلانے کیلئے اخلاق کا جنازہ نکال سکتے ہیں۔ ملک کے سرکردہ نیوز چینلوں نے اس طرح کا غیرمعیاری مظاہرہ کیاہے ۔ براہِ کرم مرنے والے کو سکون کی نیند سونے دیجیئے ۔