سری دیوی کا دبئی میں قتل ؟ سبرامنیم سوامی کو شبہ

نئی دہلی۔ 27فروری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی کی موت کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم پی سبرامنیم سوامی نے افسوسناک بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپر اسٹار کا قتل ہوا ہوگا۔ سوامی نے ایک ٹیلی ویژن چینل سے بات چیت میں کہا کہ سری دیوی اپنی صحت کو لے کر بہت چوکنا رہتی تھی۔ وہ کبھی شراب نہیں لیتی تھیں۔ ایسی صورت میں ان کے جسم میں الکحل پہنچنا سوال کھڑے کرتا ہے ۔اداکارہ کی ہوٹل کے باتھ ٹب میں ڈوبنے سے موت ہونے کی رپورٹوں پر بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ جب تک کوئی دھکا نہیں دے ، اس طرح کی موت ہونا گلے نہیں اترتا ہے ۔فلم اداکارہ کی موت 24 فروری کی رات دبئی کے ایک ہوٹل میں ہو گئی تھی۔ پہلے یہ خبریں تھیں کہ دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوا ہے مگر کل آنے والی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ان کی موت ہوئی ہے ۔ممبر پارلیمنٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ میڈیا میں جو رپورٹیں آ رہی ہیں وہ مسلسل تبدیل ہو رہی ہیں۔ ایسی صورت میں سرکاری وکیل کی رائے آنے تک انتظار کیا جانا چاہئے ۔ اداکارہ شراب نہیں پیتی تھی، تو ان کے جسم میں الکحل کس طرح پہنچا۔