کشمیر ، پنجاب اور ہریانہ شدید سردی کی گرفت میں۔ کشمیر میں گل مرگ اور پنجاب میں لدھیانہ سرد ترین مقامات
سرینگر۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پورے کشمیر ڈیویژن میں سوائے قاضی گنڈ کے رات کا درجہ حرارت موسم خشک ہونے کی وجہ سے کم ہوگیا۔ سرینگر۔جموں قومی شاہراہ برف باری کے دوسرے دن آج یکطرفہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی تاہم صرف ہلکی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ 300 کیلومیٹر طویل یہ شاہراہ وادی کشمیر کو باقی ملک سے مربوط کرتی ہے۔ کل برفباری کی وجہ سے سڑک پھسلوان ہوگئی تھی۔ دریں اثناء موسم پوری وادی میں کل رات خشک رہا۔ محکمہ موسمیات نے آج سے پانچ دن تک بارش ہونے یا برفباری کی پیش قیاسی کی ہے۔ کل سے جمعرات تک اوسط سے زبردست برفباری کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈیویژنل انتظامیہ نے محکمہ موسمیات کی اس پیش قیاسی کے بعد احتیاطی اقدامات کرنے کے ہدایات جاری کردی ہیں۔ پوری وادی میں سوائے قاضی گنڈ کے رات کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔ سری نگر میں کل رات کی بہ نسبت اقل ترین درجہ حرارت میں 5 درجہ کمی واقع ہوئی اور یہ منفی 4.1 درجہ سلسیس تھا۔ وادی کشمیر کا باب الداخلہ قاضی گنڈ منفی میں 3.6 درجہ سلسیس تھا جبکہ ایک دن قبل یہ منفی 4.2 درجہ تھا۔ عہدیداروں کے بموجب شہرہ آفاق صحت بخش تفریحی مرکز پہلگام میں جہاں سے سالانہ امرناتھ یاترا کا آغاز ہوتا ہے، درجہ حرارت منفی 7.2 درجہ سلسیس تھا۔ تفریحی مقام گل مرگ میں منفی 8.6 درجہ سلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ یہ وادی کشمیر کا سرد ترین مقام تھا۔ لداخ کے علاقہ میں قصبہ لیہہ سرد ترین مقام رہا۔ جہاں درجہ حرارت منفی 8.7 ریکارڈ کیا گیا۔ کشمیر فی الحال چیلائی کلاں کے دور سے گزر رہا ہے جو شدید سردی کا موسم ہوتا ہے، برفباری اکثری ہوتی ہے۔ اقل ترین اور اعظم ترین درجہ حرارت میں نمایاں کمی آتی ہے۔ 40 دن کے اس موسم کے بعد 20 دن کے چلائی خورد اور 10 دن کے چلائی بچہ کا دور ہوتا ہے۔ چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب پنجاب اور ہریانہ ریاستیں آج بھی شدید سردی کی گرفت میں رہیں۔ بعض مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا۔ کئی مقامات پر گہری دھند چھائی رہی جس سے دونوں ریاستوں کے لیے ٹرین خدمات اور سڑک کے ذریعہ سفر متاثر ہوا۔ محکمہ موسمیات کے بموجب امرتسر پنجاب کا سردترین مقام 4 درجہ سلسیس درجہ حرارت کے ساتھ لدھیانہ تھا۔ ہریانہ میں امبالہ کا درجہ حرارت 9.6 رہا جو معمول کے اقل ترین درجہ حرارت سے 3 درجہ زیادہ ہے۔ حصار اور کرنال میں 7.9 اور 7 درجہ سلسیس الترتیب ریکارڈ کیا گیا۔ پٹیالہ میں 9 درجہ سلسیس درجہ حرارت تھا جو معمول سے 5 درجہ زیاد ہے۔