سرینگر میں پولیس جوان رائفل کے ساتھ لاپتہ

سرینگر ۔ 25اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں تعینات ایک پولیس ملازم رائفل کے ساتھ لاپتہ ہوگیا ہے ۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی ٹیم سے علحدہ ہوگیا ہے اور اپنی سرویس رائفل کے ساتھ اس علاقہ سے فرار ہوا ۔ کانسٹیبل طارق احمد بھٹ کو ضلع بڈگام کے فقیرپورہ پولیس چوکی پر تعینات کیا گیا تھا ۔ وہ کل سے ڈیوٹی پر نہیں آیا ۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ بھٹ کو تلاش کیا جارہاہے ۔ بھٹ کی سرویس رائفل اور اُس کے ساتھ بعض اسلحہ بھی لاپتہ پائے گئے ہیں۔ پولیس چوکی سے وہ رائفل کے ساتھ اسلحہ بھی لے گیا ہے ۔ اس پولیس ملازم کی تلاش جاری ہے اور اس کیخلاف گمشدگی کا کیس بھی درج کیا گیا ہے ۔ امکان غالب ہے کہ طارق احمد بھٹ اپنی ٹیم سے علحدہ ہوگیا ہے ۔ اس ماہ کے اوائل میں ایک فوجی جوان بھی ضلع شوپیان میں اپنے قافلے سے علحدہ ہوگیا تھا ، تاہم بعد ازاں وہ عسکریت پسندوں کے ساتھ مل گیا تھا ۔