سرینگر میں آتشزدگی، تجارتی مقام اور مکانات جل کر خاکستر

سرینگر ، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں آتشزدگی میں دو کمرشیل بلڈنگس اور چار رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے، عہدیداروں نے آج یہ بات کہی۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سرویسیس کے عہدہ دار نے کہا کہ کل رات دیر گئے ایک تجارتی مقام سے آگ پھوٹ پڑی اور تیزی سے متصل عمارت تک پھیل گئی اور پھر کپواڑہ کے اوورا میں چار رہائشی مکانات کو لپیٹ میں لے لیا۔ انھوں نے کہا کہ فائر انجنوں کو فوری طلب کیا گیا جنھوں نے آگ بجھائی۔ آتشزدگی میں 24 دکانات تباہ ہوئیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔ اس واقعہ میں ایک بینک برانچ بھی خاکستر ہوگئی۔ آگ کے سبب کا پتہ چلایا جارہا ہے۔ عہدہ دار نے کہا کہ اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔