ملبورن۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سوپر اسٹار سرینا ولیمس نے آج اپنی بڑی بہن وینس ولیمس کے خلاف آسٹریلین اوپن خطاب حاصل کرنے کے ساتھ تاریخ کو دوبارہ رقم کردیا ہے جیسا کہ سرینا نے فائنل میں وینس کے خلاف 6-4 ، 6-4 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 23 واں گرانڈ سلام خطاب حاصل کرلیا ہے۔ سرینا کا یہ ساتواں آسٹریلین اوپن خطاب ہے جس کی بدولت پیر کو جاری ہونے والی ٹینس کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں دوبارہ پہلا مقام حاصل کرلیں گی۔ 36 سالہ وینس کو جذباتی طور پر خطاب کیلئے پسندیدہ کھلاڑی کا موقف حاصل تھا کیونکہ فائنل کی راہ میں حائل کئی اہم کھلاڑیوں کو انہوں نے شکست دی تھی تو دوسری جانب سرینا کو فائنل تک پہونچنے کیلئے کوئی خاص محنت نہیں کرنی پڑی۔ کامیابی کے بعد سرینا نے اپنی بڑی بہن سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کیلئے ہمیشہ ایک حوصلہ رہیں اور اسی وجہ سے آج وہ اس مقام پر کھڑی ہیں۔ مقابلے کا آغاز انتہائی مسابقتی رہا اور ابتدائی 4 سرویسوں تک کوئی بھی کھلاڑی ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کا موقع دے رہی تھی۔ پہلے سیٹ کے پانچویں گیم میں وینس کو بلاآخر ہتھیار ڈالنے پڑے۔سرینا 23 گرانڈ سلام خطابات حاصل کرنے والی پہلی کھلاڑی ہیں۔