حیدرآباد /3 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے کہا کہ سریدھر بابو کی بھلائی کے لئے ہم نے ان کا قلمدان تبدیل کیا ہے، تاہم ان کے مکتوب محبت (استعفی) پر اپنے ردعمل کا اظہار وہ کل کریں گے۔ واضح رہے کہ اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد تلنگانہ کے منتخب عوامی نمائندوں نے اسمبلی کے چیمبر میں چیف منسٹر سے ملاقات کی اور ڈی سریدھر بابو کے قلمدان کی تبدیلی کی وجہ دریافت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین کو بتایا کہ انھوں نے سریدھر بابو کی بھلائی کے پیش نظر ان کا قلمدان تبدیل کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث کے دوران اسی علاقہ کے نمائندہ ہونے کے سبب انھیں مسائل پیش آسکتے تھے،
لہذا تمام پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد انھوں نے سریدھر بابو کا قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ سریدھر بابو کے قلمدان کی تبدیلی کی وجہ سے گزشتہ تین دن سے تلنگانہ کے کانگریس اور دیگر جماعتوں کے قائدین نہ صرف ناراض ہیں، بلکہ چیف منسٹر پر تنقیدیں کر رہے ہیں، جب کہ سیما۔ آندھرا کے کانگریس قائدین چیف منسٹر کے فیصلہ کی مدافعت کر رہے ہیں۔