راہول، سونیاگاندھی، چندرا بابو، ممتابنرجی، پنارائی وجین کی شرکت، بی جے کیخلاف محاذ کے قیام کا اشارہ
٭ کرناٹک پردیش کانگریس کے صدر اور دلت لیڈر پرمیشورا ڈپٹی چیف منسٹر
٭ نئے چیف منسٹر جمعہ کو اکثریت ثابت کریں گے
بنگلورو ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سرکردہ قومی و علاقائی قائدین کے کہکشاں کے درمیان ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج کرناٹک کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا جو اس بات کا اشارہ ہیکہ بی جے پی کے خلاف یہ قائدین ایک محاذ تشکیل دیں گے۔ گورنر وجو بھائی والا نے انہیں بنگلور کے ودھان سودھا کامپلکس میں منعقدہ تقریب میں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ گورنر نے پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ اور سرکردہ دلت لیڈر جی پرمیشورا کو ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف دلایا۔ کمارا سوامی حکومت کی طرف سے جمعہ کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد مجلس وزراء کے دیگر ارکان کو حلف دلایا جائے گا۔ روایتی دھوتی اور سفید شرٹ میں ملبوس کمارا سوامی نے کنڑا ناڈو کے عوام اور خدا کے نام پر حلف لیا۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی ان کی والدہ سونیا گاندھی، مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتابنرجی، آندھراپردیش اور کیرالا میں ان کے ہم منصب این چندرا بابو نائیڈو اور پنارائی وجین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دیگر اہم شرکاء میں بہار اسمبلی اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو، بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی، ایس پی کے سربراہ اکھیلیش یادو، این سی پی لیڈر شردپوار، سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور سوشلسٹ لیڈر شرد یادو بھی شامل ہیں۔ قومی اور علاقائی قائدین کی اس کہکشاں کو اپنی طاقت کا مظاہرہ اور آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے زیرقیادت وسیع بنیاد پر محاذ کے قیام کے امکان کے بارے میں ایک واضح اشارہ بھی سمجھا جارہا ہے۔ بی جے پی نے کمارا سوامی کی حلف برداری تقریب کا بائیکاٹ کیا اور یوم سیاہ منایا گیا۔ اس دوران نئی مخلوط حکومت کوناپاک گٹھ جوڑ قرار دیتے ہوئے ریاست گیر احتجاج منظم کیا۔
کمارا سوامی اور پرمیشور کو
راہول گاندھی کی مبارکباد
نئی دہلی ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدرکانگریس راہول گاندھی نے آج چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سومی اور ڈپٹی چیف منسٹر جی پرمیشور کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ انہیں ان کے ساتھ شہ نشین میں شرکت کرکے انتہائی مسرت ہے۔