سرکاری پراجیکٹس کیلئے جی ایس ٹی شرح میں کمی

حکومت کی جدوجہد کامیاب۔ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کا ادعا
حیدرآباد۔/3 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے کہا کہ حکومت کے پراجکٹس کے ذریعہ جی ایس ٹی کی شرح میں کمی کی جدوجہد کامیاب رہی ہے اور جی ایس ٹی کونسل نے حکومت کیلئے انجام دیئے جانے والے کاموں پر ٹیکس کی شرح کو 18 سے گھٹا کر 12 فیصد کردیا ہے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران پی راجیشور ریڈی کے سوال پر وزیر فینانس نے بتایا کہ ریاست میں زیر تکمیل پراجکٹس کے تخمینی بوجھ میں اضافہ کو روکنے کیلئے جی ایس ٹی میں کمی کی نمائندگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کونسل نے 75 فیصد ارتھ ورک سے متعلق کاموں کیلئے جی ایس ٹی کی شرح کو 12 فیصد سے گھٹا کر 5 فیصد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کی نئی شرحوں سے ریاستی حکومت کے زیر تکمیل پراجکٹس پر 4945کروڑ 88 لاکھ روپئے کا زائد بوجھ ہوگا۔ وزیر فینانس نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جی ایس ٹی کی شرح میں کمی کیلئے مرکز سے نمائندگی کی اور کونسل کے اجلاس میں انہوں نے وزیر فینانس کی حیثیت سے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبہ جات میں بھی جی ایس ٹی کی شرح کم کرنے کیلئے مساعی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیڑی ورکرس کیلئے جی ایس ٹی شرح کم کرنے مرکز سے کے ٹی آر نے نمائندگی کی ہے۔ بیڑی انڈسٹری گھریلو انڈسٹری کی طرح ہے اس میں زائد جی ایس ٹی کے سبب کئی خاندان روزگار سے محروم ہورہے ہیں۔