100 روٹس کا انتخاب
گریٹر حیدرآباد ٹی ایس آر ٹی سی کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 14 جولائی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے گریٹر حیدرآباد کے تقریباً تمام تر مقامات سے مختلف کمپنیوں و سرکاری دفاتر میں خدمات انجام دینے والے خاتون ملازمین کیلئے ’’لیڈیز اسپیشل بسیس‘‘ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد۔ سکندرآباد دونوں شہروں کے حدود میں پائے جانے والے زائد از 100 روٹس پر خواتین کیلئے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر گریٹر حیدرآباد سٹی مسٹر پرشوتم نائیک نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سرکاری دفاتر کے علاوہ آئی ٹی شعبہ اور دیگر پرائیویٹ کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے خاتون ملازمین کو خصوصی بسوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ دفاتر کے اوقات سے متعلق صبح 9 تا 10:30 بجے کے دوران مختلف کالونیوں سے دفاتر و کمپنیوں کو یہ لیڈیز اسپیشل بسیں چلائی جائیں گی اور شام میں 5 تا 7 بجے تک خواتین کیلئے خصوصی بسیں دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلہ پر فوری عمل آوری کرنے کی ڈپو منیجرس کو ضروری ہدایات دی گئیں۔