نئی دہلی ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کے بشمول تمام وزارتوں کی سرکاری ویب سائیٹس آج تکنیکی خرابی سے دوچار ہوگئیں تاہم چند گھنٹوں بعد اسے بحال کردیا گیا ہے۔ حکومت نے اس خلل اندازی کے پس پردہ سائبر حملے کا امکان مسترد کردیا۔ پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) نے ٹوئٹر پر لکھا کہ تمام سرکاری ویب سائیٹس کو بحال کردیا گیا ہے اور تکنیکی خرابی دور کردی گئی ہے۔ چند گھنٹوں تک ان ویب سائیٹس تک رسائی نہیں ہورہی تھی اور رات تقریباً 9 بجے شب انہیں بحال کیا گیا۔ پی ایم او ویب سائیٹ کے علاوہ لوک سبھا، راجیہ سبھا اور کلیدی وزارتوں جیسے فینانس اور دفاع اس تکنیکی خرابی کا شکار رہی۔ نیشنل انفارمیٹکس سنٹر (این آئی سی) جو ان ویب سائیٹس کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ہے، بتایا کہ اس خرابی کی وجوہات معلوم کی جارہی ہے۔