یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر چیف منسٹر کے سی آر سے اعلان متوقع
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب کے موقع پر سرکاری ملازمین کے لیے 25 فیصد عبوری پی آر سی کا اعلان کرنے کا قوی امکان ہے ۔ چیف منسٹر نے سرکاری ایمپلائز اور ٹیچرس تنظیموں کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے 2 جون کو تنخواہوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے عبوری پی آر سی کا اعلان کرنے کا تیقن دیا اور اس سلسلے میں اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال بھی کیا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ محکمہ فینانس نے 15 فیصد تک عبوری پی آر سی کا اعلان کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ تاہم چیف منسٹر کے سی آر 25 فیصد یا اس سے زیادہ کر عبوری پی آر سی کا اعلان کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ پہلے توقع یہ کی جارہی تھی کہ تشکیل کردہ سہ رکنی کمیٹی تنخواہوں پر نظر ثانی کرنے کے لیے حکومت کو عبوری پی آر سی کی تجاویز پیش کرے گی تاہم پی آر سی کمیٹی کا ابھی تک مکمل سطح پر کام کاج شروع نہ ہونے کی وجہ سے چیف منسٹر نے بذات خود عبوری پی آر سی کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ماضی میں پہلے 27 فیصد عبوری پی آر سی کا اعلان کرنے کے بعد مکمل رپورٹ وصول ہونے کے بعد جملہ 43 فیصد فیٹمنٹ پی آر سی پر عمل کیا گیا ۔ محکمہ فینانس نے اس مرتبہ اتنا زیادہ پی آر سی دینے کے موقف میں نہ ہونے کا پہلے ہی اعلان کردیا تاہم سرکاری ملازمین اور ٹیچرس پہلے سے زیادہ تنخواہوں میں 63 اضافہ کرنے کا حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں ۔ سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کی تنخواہوں پر نظر ثانی کرنے کے کاموں کا صدر نشین پی آر سی سی آر بسوال نے آغاز کردیا ہے ۔ حکومت نے مزید دو سابق آئی اے ایس عہدیدار محمد علی رفعت اور امامہیشور راؤ کو بحیثیت ارکان شامل کیا ہے ۔ محمد علی رفعت نے اپنے کام کاج کا آغاز کردیا ہے ۔ دوسرے سابق آئی اے ایس آفیسر اما مہیشور راؤ بھی بہت جلد کام کاج کا آغاز کردیں گے ۔ حکومت نے پی آر سی کمیٹی کو سکریٹریٹ میں عارضی دفتر الاٹ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے 2 جون کو عبوری اور 15 اگست کو مکمل پی آر سی کا اعلان کرنے کا پہلے ہی فیصلہ کیا ہے ۔ بسوال اور محمد علی رفعت نے محکمہ فینانس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا ہے ۔ پی آر سی کمیٹی انہیں دی گئی مہلت سے قبل کام مکمل کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے اپنی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہوگئی ہے ۔ پی آر سی کمیٹی سرکاری ملازمین اور ٹیچرس تنظیموں کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے تجاویز قبول کرے گی یا ویب سائٹ میں پیش کرنے کی بھی خواہش کرسکتی ہے ۔ پی آر سی کے صدر نشین سی آر بسوال نے مقررہ وقت پر رپورٹ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے صدر نشین سرینواس گوڑ ، صدر ممتا ، ستیہ نارائنا ، راجکمار گپتا ، کرشنا یادو ، رویندر کمار ، کرشنا مورتی اور دیگر نے سکریٹریٹ میں پی آر سی کے صدر نشین بسوال اور رکن محمد علی رفعت سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی ہے ۔ اگست سے قبل رپورٹ پیش کرتے ہوئے 15 اگست سے اس پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے ۔۔