سرکاری ملازمین اور پنشنرس کو 10ہزار نقد

بینکوں میں خصوصی کاؤنٹرس کے ذریعہ ادائیگی کاانتظام ہوگا
حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے بڑے کرنسی نوٹ کی تنسیخ سے پیدا شدہ بحران کے سبب سرکاری ملازمین اور وظیفہ یاب افراد کو مشکلات سے بچانے کیلئے نومبر کی تنخواہ سے 10ہزار روپئے نقد ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پرنسپال سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ نے تمام محکمہ جات کے سکریٹریز کو احکامات جاری کئے ہیں۔ سکریٹری فینانس کے مطابق صدر تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس یونین نے حکومت کے علم میں یہ بات لائی ہے کہ 500 اور 1000 کی پرانی کرنسی کی تنسیخ سے عام آدمی اور ملازمین مختلف مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ انھیں ضروری اشیاء کی خریدی میں دشواریوں کے علاوہ بینکوں سے مکمل تنخواہ حاصل کرنے میں مشکلات درپیش ہوں گی۔ یونین نے ماہ نومبر کی تنخواہ نقد ادا کرنے کی درخواست کی چنانچہ حکومت نے اس مسئلہ کا جائزہ لیتے ہوئے ملازمین کی مشکلات کم کرنے کے مقصد سے نومبر کی تنخواہ کے منجملہ10 ہزار روپئے  نقد ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف قومیائے ہوئے اور ایجنسی بینک میں موجود ملازمین کی تنخواہ اور پنشنرس اکاؤنٹ سے یہ رقم جاری کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں بینکوں میں ملازمین اور پنشنرس کیلئے علحدہ کاؤنٹرس قائم کئے جائیں گے اور یہ کاؤنٹرس زائد وقت تک کام کریں گے۔ اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد، اسٹیٹ بینک آف انڈیا، آندھرا بینک اور تمام قومیائے ہوئے اور ایجنسی بینک کو اس سلسلہ میں ہدایت دی جاچکی ہے۔ تمام محکمہ جات کے سکریٹریز اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کیلئے ملازمین کو آگاہ کریں۔ ڈائرکٹر ٹریژریز اینڈ اکاؤنٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ٹریژریز، اسٹیٹ ٹریژری اور پنشن پے منٹ دفاتر کو ضروری ہدایات جاری کریں۔