سرکاری مدارس کی زبوں حالی پر اسمبلی میں مباحث کا خانگی مدارس کے طلبہ کا مشاہدہ

یوم اطفال کا ذکر اور طلبہ کو مبارکبادی بھی نظر انداز ، تاخیر سے وزیر فینانس کی توجہ
حیدرآباد۔/14نومبر، ( سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی یوم پیدائش جسے یوم اطفال کے طور پر منایا جاتا ہے، تلنگانہ اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کرنے کیلئے سکندرآباد کے ایک خانگی اسکول کی طالبات پہنچیں۔دلچسپ بات یہ دیکھی گئی کہ جس وقت یہ طالبات کارروائی کا مشاہدہ کررہی تھیں اسمبلی میں سرکاری مدارس کی زبوں حالی پر مباحث جاری تھے۔ خانگی اسکول کی طالبات کی موجودگی میں سرکاری مدارس کی ابتر صورتحال پر ہورہے مباحث کا مشاہدہ کیا ۔ ان کے ساتھ موجود اساتذہ کا کہنا تھا کہ کیا ہی بہتر ہوتا کہ سرکاری مدارس کے طلبہ کو اس موقع پر مشاہدہ کا موقع دیا جاتا۔ اسپیکر نے یوم اطفال کے پیش نظر ایک نامور اسکول کی طالبات کو مشاہدہ کی اجازت دی تھی ان طالبات کو اس وقت مایوسی ہوئی جب بحث میں حصہ لینے والے ارکان اور جواب دینے والے وزیر تعلیم میں سے کسی نے ’ یوم اطفال ‘ کا ذکر نہیں کیا اور طلبہ کو مبارکباد نہیں دی۔ وقفہ سوالات کے اختتام کے بعد جب طالبات کا تیسرا بیاچ کارروائی کا مشاہدہ کررہا تھا تو فلم اسٹار بابو موہن کو ایوان میں دیکھ کر طالبات نے گیلری سے ہاتھ ہلا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا جس کے جواب میں بابو موہن نے بھی جوابی خیرسگالی کا مظاہرہ کیا۔ بعد میں وزیر فینانس ای راجندر نے بجٹ پر مباحث کے جواب کے آغاز میں طالبات کو یوم اطفال کی مبارکباد پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض ارکان نے وزیر فینانس کو اس جانب توجہ دلائی تھی۔