سرکاری محکمہ جات میں تقررات ، تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے رہنمایانہ خطوط

تحریک تلنگانہ ، یوم تاسیس اور دیگر مسائل پر اضافی پرچے ، مختلف عہدوں کی شمولیت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی(سیاست  نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے مختلف محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے گروپ I اور گروپ II ملازمتوں کے لئے رہنمایانہ خطوط طئے کئے ہیں۔ سابق میں گروپ I کیلئے 5 امتحانی پرچہ جات ہوا کرتے تھے جبکہ گروپ II کیلئے تین پرچہ جات تھے لیکن تلنگانہ حکومت نے گروپ I کیلئے 6 اور گروپ II کیلئے 4 پرچہ جات رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان اضافی پرچہ جات میں تلنگانہ تحریک ریاست کا یوم تاسیس اور دیگر مسائل کا احاطہ کیا جائے گا ۔ گروپ I کے تحت جملہ نشانات 1000 ہوں گے جبکہ سابق میں انٹرویو کے بشمول یہ نشانات 825 تھے۔ گروپ II کیلئے 675 نشانات مقرر کئے گئے جبکہ سابق میں یہ 450 تھے۔ گروپ II کیلئے انٹرویو کے نشانات 75 مقرر کئے گئے ہیں اور ہر پرچہ کیلئے 150 نشانات ہوں گے۔ گروپ I کے تحت ڈپٹی کلکٹر آر ڈی او، ایم پی ڈی او کے بشمول 20 مختلف عہدوں کو شامل کیا گیا ہے۔ گروپ II کے تحت ڈپٹی تحصیلدار اور دیگر 12 عہدے شامل کئے گئے ۔ گروپ III کے تحت 17 مختلف عہدوں کو شامل کیا گیا۔ گروپ I کے 1000 نشانات میں تحریری امتحانات کیلئے 900 اور انٹرویو کیلئے 100 نشانات مقرر کئے گئے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے حکومت کے اعلان کے مطابق 15,000 سے زائد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی کارروائی شروع کردی ہے۔