حیدرآباد۔ 4 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات میں سرکاری ملازمین و عہدیدار انتخابی سرگرمیوں میں یا تشہیری مہم میں حصہ لینے کی صورت میں سخت کارروائی کرنے کا چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ رجت کمار نے انتباہ دیا اور کہا کہ سرکاری ملازمین کے سیاسی جماعتوں کی تشہیری انتخابی سرگرمیوں میں ملوث رہنے سے متعلق شکایات موصول ہونے پر فی الفور کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے آج ضلع یادادری بھونگیر کا دورہ کرکے کلکٹر شریمتی انیتا رامچندرن کے ساتھ انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لیا اور بتایا کہ فہرست رائے دہندگان میں اہل افراد کے نام شامل نہ ہوں تو انہیں اپنا نام ووٹر لسٹ میں درج کروانے کیلئے جاریہ ماہ 9 نومبر تک مہلت فراہم کی گئی ہے اور فی الفور نام درج کروانے فارم کی خانہ پری کرکے داخل کرسکتے ہیں، لہذا انہوں نے عوام سے فہرست رائے دہندگان کی ایک مرتبہ جانچ کرلینے اور نام درج نہ رہنے کی صورت میں فوری طور پر اپنا نام درج کروانے کیلئے متعلقہ عہدیداروں سے ربط پیدا کرکے درخواست پیش کرنے کی اپیل کی۔