سرکاری دواخانوں میں 20 آئی سی یو اور 40 ڈائیلاسیس مراکز کا قیام

غریب عوام کو موثر طبی سہولتوں کی فراہمی اصل مقصد : وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ غریب عوام کو موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے ریاست کے سرکاری ہاسپٹلس میں 20 آئی سی یو یونٹس اور 40 ڈائیلائسیس سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد میں 1000 بستی دواخانے قائم کئے جارہے ہیں ۔ 6 ماہ میں ایمس کا افتتاح کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے آج فیور ہاسپٹل نلہ کنٹہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا ۔ اے ایم سی بلاک ، میڈیسن ڈسپنسری ، لائبریری بھون ، آڈیٹوریم کا افتتاح کرتے ہوئے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ ، رکن اسمبلی جی کشن ریڈی ، ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل ایم ایس پربھاکر مئیر حیدرآباد بی رام موہن کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔ وزیر صحت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کو حاصل کیا گیا ہے اور تحریک کے جذبہ کے ساتھ تلنگانہ کو ترقی دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کے سی آر کا چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہنا ریاست کی خوش قسمتی ہے ۔ ماضی کو فراموش کرتے ہوئے سرکاری ہاسپٹلس کو ترقی دینے عصری تقاضوں سے لیس کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں مرض کا پتہ چلانے کے لیے عصری و تکنیکی تقاضوں سے لیس لیابس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں 20 آئی سی یو اور 40 ڈائیلائسیس سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 1000 بستی دواخانے قائم کئے جارہے ہیں ۔ شعبہ طب کو بڑے پیمانے پر ترقی دی جارہی ہے ۔ زیادہ سے زیادہ مرکز سے فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ایمس کو حاصل کرنے میں ریاست تلنگانہ کامیاب ہوگیا ہے ۔ آئندہ 6 ماہ میں ایمس کا آغاز کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی محنت رنگ لائی ہے ۔ تلنگانہ کو ایمس کی منظوری دینے پر مرکزی حکومت سے بھی اظہار تشکر کیا ۔ تلنگانہ کو صحت مند ریاست میں تبدیل کرنے کے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ ہر سال مفت ٹسٹ کرائے جارہے ہیں ۔ بیماریوں کو کنٹرول کرنے کے لیے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سب کے لیے آنکھوں کے ٹسٹ کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے ۔ سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے فیور ہاسپٹل کو ترقی دینے پر ریاستی حکومت سے اظہار تشکر کیا ۔ بی جے پی رکن اسمبلی جی کشن ریڈی نے 5 کروڑ کے مصارف سے فیور ہاسپٹل کے احاطے میں مختلف بلاکس کی نئی عمارتیں تعمیر کرنے پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے او بی اور بلڈ بینک کیلئے بھی نئی عمارتیں تعمیر کرتے ہوئے ماسٹر پلان کے تحت فیور ہاسپٹل کو ترقی دینے کا مطالبہ کیا ۔۔