سرکاری دواخانوں میں آئی سی یو کا قیام

حکومت کی جانب سے وسیع انتظامات ۔ وزیر صحت کا بیان
حیدرآباد 25 مارچ ( سیاست نیوز ) وزیر صحت مسٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ حکومت ریاست میں سرکاری دواخانوں کی کارکردگی میں مزید بہتری پیدا کرنے آئی سی یو قائم کرنے اقدامات کریگی ۔ کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک چار آئی سی یو قائم کئے گئے ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید 16 آئی سی یو قائم کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں محکمہ صحت بالخصوص سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کو نظر انداز کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے آج سرکاری دواخانوں کی کارکردگی ابتر ہے ۔ لیکن حکومت تمام سرکاری دواخانوں کی کارکدگی میں بہتری پیدا کرنے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ سرکاری دواخانوں میں خواتین کی زچگیوں کیلئے بہتر انتظامات کرنے کی متعلقہ ہاسپٹلس کو ہدایات دی گئی ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کی وجہ سے آج عوام میں سرکاری دواخانوں کے تعلق سے نیا اعتماد پیدا ہوا ہے اور عوام سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ قائد اپوزیشن ساز کونسل نے نیلوفر ہاسپٹل میں گذشتہ دنوں پیش آئی اموات کی تحقیقات کیلئے ہاوز کمیٹی تشکیل دینے اور ریاست میں ہیلت ایمرجنسی ڈیکلیر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں پر سے عوامی اعتماد ختم ہوتا جارہا ہے ۔ قائد اپوزیشن نے کہا کہ سیزین آپریشنس کیلئے برازیل عالمی سطح پر سرفہرست ہے تو ملک میں تلنگانہ سرفہرست ہے ۔ انہوں نے دیہی علاقوں کے ہاسپٹلس میں بھی آئی سی یو قائم کرنے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔