عام آدمی کو بھی اعلیٰ سہولتیں فراہم کرنا حکومت تلنگانہ کا عزم ، ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔5مئی(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمو دعلی نے ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں کو عصری اور کارپوریٹ دواخانوں کی طرز پر ترقی دینے کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ حکومت طبی اور تعلیمی سرکاری اداروں کو کارپوریٹ اداروں کی طرز پرترقی یافتہ بناتے ہوئے ریاست کے عام آدمی کو استفادہ کا موقع فراہم کریگی۔ آج یہاں قدیم پریس کلب بشیر باغ میں سواسا فاونڈیشن کے زیر اہتمام یوم عالمی دمہ کی منعقدہ شعور بیداری مہم اور ورک کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر نے دمہ جیسی بیماریوں کی روک تھام میںچلائی جانے والی ہر شعور بیداری مہم کو حکومت کے تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہاکہ دمہ‘ الرجی کے امراض سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے آلودگی اور تمباکو اشیاء سے بھی پرہیز کا اس موقع پر مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ آلودگی وتمباکو کی چیزیں الرجی اور دمہ کی شکایت میں اضافہ کرتے ہیںلہذا ہمیں ان چیزوں سے بچنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں میں دمہ کے مریضوں کی دیکھ بھال اور موثر علاج کو بھی یقینی بنانے کا یقین دلایا اور کہاکہ دمہ ‘الرجی سے بچائو کے لئے عوام میں تحریکات اور شعوربیداری مہم بھی ضروری ہے تاکہ عوام کو الرجی او ردمہ جیسے امراض سے محفوظ رہنے کے طریقوں سے واقفیت حاصل ہوسکے۔ ریاستی وزیرصحت سی لکشما ریڈی نے بھی ریاست تلنگانہ میں دمہ کے مریضوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے دمہ کی روک تھام کے لئے چلائی جانے والی تحریکوں کوحکومت تلنگانہ کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے سواسا فاونڈیشن کے زیر اہتمام یوم عالمی دمہ کے انعقاد پر منتظمین فاونڈیشن کی ستائش کی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت تلنگانہ کے محکمہ صحت کی جانب سے دمہ کی روک تھام کے لئے پیش کئے جانے والے تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کاکام کریگی۔ انہوں نے دمہ کے متعلق دیہی علاقوں او ر اضلاع میںضلع ہاسپٹل میں موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے کا بھی اس موقع پر وعدہ کیا۔ چیرمن سواسا فاونڈیشن نے سواسا کے زیر اہتمام نلگنڈہ ضلع میںمستقل طور پر چلائی جانے والی دمہ شعور بیداری مہم کا اس موقع پر ذکر کیا۔ انہوں نے ریاست کے تمام دس اضلاع میںاس قسم کی شعور بیداری مہم کو ضروری قراردیا۔ سواسہ فاونڈیشن کے زیر نگرانی شائع کردہ دمہ اور الرجی سے بچائو کے متعلق کتاب کی بھی رسم اجرائی ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمودعلی کے ہاتھوں عمل میں آئی۔بعد ازاں ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمو دعلی ‘ ریاستی وزیرمحکمہ صحت‘ سواسا فاونڈیشن کے ذمہ داران نے غبارے ہوا میںچھوڑ کردمہ شعور بیداری ورک کا آغاز کیا۔