سرکاری تعلیمی اداروں میں سیل فون کا استعمال ممنوع

خلاف ورزی پر تدریسی و غیر تدریسی اسٹاف کے خلاف کارروائی
حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) سرکاری اسکولس اور کالجس میں تدریسی اور غیر تدریسی اسٹاف کے فون استعمال کرنے پر سخت کارروائی کا حکومت نے انتباہ دیا ہے۔ دو سال قبل ہی ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ اسکولس اور کالجس کے اوقات میں اساتذہ اور غیر تدریسی اسٹاف فون کا استعمال نہ کریں۔ نظر رکھنے کے لئے سرکاری تعلیمی اداروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے سرکردہ حکام نے بتایا کہ منڈل ایجوکیشن آفیسرس اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس سے کہا گیا کہ وہ اچانک اسکولس کا دورہ کریں اور کلاس رومس میں اور اوقات کار کے دوران سیل فونس استعمال کرنے والے ٹیچرس اور غیر تدریسی اسٹاف کے خلاف کارروائی کریں۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ ہے کہ کلاس رومس میں سیل فون کا بالکل استعمال نہ ہو۔