حیدرآباد۔/13اگسٹ، ( این ایس ایس) تلنگانہ کی ریاستی حکومت کی جانب سے مجوزہ گھر گھر جامع سماجی سروے پر بعض اعتراضات کے ساتھ ہائی کورٹ میں داخل کردہ ایک درخواست پر سماعت آج ملتوی کردی گئی اور کل 14اگسٹ کو آئندہ سماعت مقرر کی گئی ہے۔ درخواست داخل کرنے والے ایک ایڈوکیٹ نے کہا کہ مکمل معلومات، ترمیمات اور دیگر تفصیلات کے ساتھ سروے کے بارے میں ایک تازہ درخواست جمعرات کو عدالت میں پیش کی جائے گی۔
سیاسی تشدد کو اسمبلی اجلاس میں
موضوع بحث بنانے جگن کا فیصلہ
وجئے واڑہ۔/13اگسٹ، ( پی ٹی آئی) وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی نے کہا ہے کہ آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں سیاسی تشدد کے مسئلہ کو موضوع بحث بنایا جائے گا۔ جگن نے آج یہاں کہا کہ ’’ ریاستی آندھرا پردیش میں آئے دن سیاسی تشدد کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومراں جماعت تشدد کی سرپرستی کررہی ہے اور سیاسی دباؤ کے تحت پولیس بھی تشدد پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ جگن یہاں گوٹومکلا گاؤں میں مقامی نائب سرپنچ کرشنا راؤ کے افراد خاندان سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ کرشنا راؤ کا مبینہ طور پر ان کے سیاسی مخالفین نے قتل کردیا تھا۔